Mr. Mushtaq Ahmad Khan

Lecturer

Institute of Urdu Language & Literature
M.Phil Urdu

Mr. Mushtaq Ahmad Khan
مشتاق احمد خان استاد، محقق ،شاعر اور ادیب ہیں۔ انھوں نے بی۔ اے تک کی تعلیم بھکر(پنجاب) سے حاصل کی۔بعد ازاں اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی سے اردو میں ایم-اے (سیشن16-2014) اور ایم۔فل ( سیشن19-2017) کیا۔ ایم-اے کا امتحان دینے کے بعد ایک سال اسوہ کیڈٹ کالج اسلام آباد میں پڑھایا۔ 2017ء میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت لیکچرار اردو منتخب ہوئے اور مارچ 2018ء میں گورنمنٹ کالج پتوکی تعینات ہوئے ، وہاں سے ایک سال بعد اپریل 2019 میں تبادلہ کروا کر گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز، لاہور پہنچے جہان 19مئی 2022 تک کام کیا ۔20مئی 2022ء سے ادارہ زبان و ادبیات اردو اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی ،لاہور میں بہ طور لیکچرار اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ایم-اے کے دوران انھوں نے احمد مشتاق کے شعری مجموعے اوراقِ خزانی پر تحقیق کی،جب کہ ایم۔فل میں اکیسویں صدی کی اردو غزل کے نمائندہ استعاروں پر مقالہ تحریر کیا۔نئی اردو غزل کا معتبر حوالہ اور اپنے ہم نام احمد مشتاق پر ان کا کام بہت اہمیت کا حامل ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی پہلی کتاب انھی کے متعلق آدمی ہمارا (شعریات احمد مشتاق) 2020ء کے نام سے شایع ہوئی۔ احمد مشتاق پر ان کی دوسری کتاب حدیث دیگراں (احمد مشتاق کے شعری اور نثری تراجم) 2021ء سنگ میل پبلی کیشنز لاہور سے شایع ہوئی۔ ان کی تیسری کتاب راجندر سنگھ بیدی کے حوالے سے بھگوان انسان بنانے سے ابھی تھکانہیں (بیدی:زندگی اور کہانی)2021ء کے نام سے سنگِ میل سے شایع ہوئی۔ بعد ازاں بالترتیب آنے والی کتابیں درج ذیل ہیں۔۴۔ انتظار حسین اور محمد عمر میمن 2022ء سنگِ میل۵۔ معانی کی صبحیں (راشد:نظمیں اور مطالعات) 2023ء سنگِ میل٦۔ ریت اس نگر کی (اوری اینٹل کالج سے وابستہ شاعر 2024ء سنگِ میل٧۔ نقش پائے خامہ (اوری اینٹل کالج سے وابستہ افسانہ نگار) 2024ء سنگِ میل ۹۔ آسماں کے روزن سے(شعری انتخاب ضیاالحسن) 2025 سنگ میل درج بالا کتابوں کے علاوہ انھوں نے سنگِ میل سے رنگ کے نام سے 2024ء میں ایک کتابی سلسلے کا آغاز کیا جس کے اب دو شمارے منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔ مشتاق احمد خان ادارہ زبان و ادبیات اردو اورینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی ، لاہور کی بورڈ آف اسٹڈیز کے سیکرٹری کے طور پر 2022ء سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ 2022ء سے 2024ء تک وہ انجمن اردو کے نگران رہے اس دورانیے میں ہر ہفتے کی ادبی نشستوں میں ملکی اور غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی جن میں مرغوب حسین طاہر، تقی عابدی، اشفاق حسین، محمد حمید شاہد، خورشید رضوی، اکرام اللہ، محمد حفیظ خان، امجد طفیل، خالد محمود سنجرانی، عطیہ سید،اسامہ صدیق کے علاوہ کئی نامور ادیبوں نے شرکت کی۔ اس دوران کئی مشاعروں کا اہتمام بھی کیا ۔ 2023ء میں انھوں نے اورینٹل کالج میں ادبی میلے کا آغاز کیا جس میں کتاب میلہ اور ادبی مقابلہ جات کروائے ۔ پہلا ادبی میلہ احمد مشتاق ادبی میلہ کے نام سے 16 مارچ 2023ء کو منعقد ہوا جبکہ دوسرا میلہ 24، 25 جنوری 2024 ء کو منیر نیازی ادبی میلہ کے نام سے منعقد کروایا اس میلہ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں ایلومنائی میٹ اپ کا اضافہ کیا گیا جو اورینٹل کالج کے ایلومنائی کے حوالے سے پہلی باقاعدہ تقریب تھی۔ انھوں نے انجمن اردو کے بینر تلے 2024ء میں ڈاکٹر ناصر عباس نیر ، ڈاکٹر امجد طفیل، ڈاکٹر ضیاالحسن اور ڈاکٹر اسرار چشتی کی کتابوں کی تقریبِ پزیرائی کا اہتمام کیا۔ مشتاق احمد خان نے عشق آباد کے زیر انتظام جشنِ جون ایلیا مئی 2023ء میں احمد مشتاق کی تخلیقی جہات ، کتب شناسی اور فاتح کا گیت از ثروت حسین پر بات کی اور انھی کے زیر انتظام جشنِ افتخار عارف 9 دسمبر 2023ء میں دعاوں بھرے دالان از حماد نیازی پر بات کی۔انھوں نے پنجاب یونیورسٹی لائبریری کے بک کلب میں مجموعہ احمد مشتاق اور کلیات ثروت حسین پر بات کی۔وہ کافکا اور اردو فکشن (سیمینار) ، معاشرہ اور وسطیہ:اکیسویں صدی میں (ایک روزہ بین الاقوامی کانفرنس) ، Online Searching Technique (ورکشاپ) اور پروفیسر چوہدری محمد نعیم کے ساتھ گفتگو( بین الاقوامی ریسرچ ویبینار) میں منتظم کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ انھوں نے نویں دو روزہ قومی کانفرنس پاکستانیت: اردو ادب کے تناظر میں 6,7 نومبر 2024ء میں بطور مقالہ نگار شرکت کی. انھوں نے پنجاب یونیورسٹی کے بی۔ایس اردو کے نئے نصاب میں دو پرچے معاصر شعری ادب اور معاصر نثری ادب ترتیب دیے۔ ان کی دلچسپی کے مضامین میں معاصر شعری ادب ، معاصر افسانہ، کلاسیکی شاعری اور تحقیق اور مکاتیب کی ترتیب و تدوین شامل ہے ۔ اورینٹل کالج اور ادارہ زبان و ادبیاتِ اردو کی جانب سے متعدد تربیتی کارگاہوں ، ادبی میلوں، کانفرنسوں اور علمی و ادبی سرگرمیوں کے منتظم کے طور پر بھی تجربہ رکھتے ہیں۔

M.Phil Urdu

Phone Number:  92-42-99210832
E-mail Address:  mushtaq.iull@pu.edu.pk

Institute of Urdu Language & Literature